مجھے تم زندگی کہتی ہو اپنی


مجھے تم زندگی کہتی ہو اپنی ..!!
اگر یوں ہے ..
اگر میں ہی تمہاری زندگی ہوں تو .
تمہاری زندگی میں ،
روشنی ،خوشبو ،ہواؤں،چاند تاروں سے مزیّن کوئی بھی لمحہ نہیں ہے ..!!
بس دھواں ہے ..!!
روح کی وسعت میں پھیلا ..!!
اگر میں ہی تمہاری زندگی ہوں تو ..
تمہاری زندگی میں ،
آسمانوں اور زمیں کا باہمی رشتہ ،سفر ہے ..!!
سفر ..!!
جس کا فقط آغاز ہے ،انجام کوئی اور کہیں پر بھی نہیں ہے ..!!
سفر..!!
جس میں مسافر کو ،
کسی بھی شبنمی منظر پے رکنے یا پڑاو ڈال لینے کی اجازت ہی نہیں ہے ..!!
اگر میں ہی تمہاری زندگی ہوں تو ،
تمہاری زندگی میں ،
نیند ایسا لفظ ہے ،
جس کے معانی میں ،
مسلسل جاگتے رہنے کا اک اندھا عمل لکھا ہوا ہے..!!

اگر میں ہی تمہاری زندگی ہوں تو ،
تمہاری زندگی اک نا مکمّل عشق کے ہاتھوں
مکمّل طور پر اجڑی ہوئی وہ سلطنت ہے
درد جس کا بادشہ ہے ..!!
یہی وہ بادشہ ہے جو ،رعایا کے دلوں پر راج کرتا ہے ...!!
مجھے تم زندگی کہتی ہو اپنی ..!!

Post a Comment

1 Comments